لاہور(نیوزڈیسک) انجمن تاجران لاہور کے جوائنٹ سیکرٹری میاں سلیم نے کہاہے کہ تاجر برادری رات 8بجے دکانیں بند کرنے کے حکومتی فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ،حکومتی وزراء اور مشیروں کی غلط پلاننگ اور نااہلیوں کو چھپانے کی خاطر تاجربرادری کو بے جا پریشان کیا جا رہا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ چھ ماہ میں ملک کو اندھیروں سے نکالنے کی دعویدار موجودہ حکومت کے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں ا یک میگا واٹ کا بھی اضافہ نہ ہونا حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہاکہ تاجر برادری مشروط طور پر حکومت سے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے انہوں نے مزید کہا کہ اگر لیسکو 6گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہیں کرے گاتو مارکیٹوں کے علاوہ دیگر پوش علاقوں میں بڑے سپر سٹور وغیرہ بھی پابندی سے بند ہونگے ۔اگر حکومت ان باتوں پر عملدرآمد کر وا سکتی ہے تو پھر تاجر برادری بھی مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔