لندن(نیوز ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) یو کے کے صدر زبیر گل کی قیادت میں کارکنوں کی بڑی تعداد عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما کی لندن میں رہائشگاہ کے باہر جمع ہوئی اورعمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی جب کہ مظاہرین نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان نے برطانیہ میں فنڈ ریزنگ کا غلط استعمال کیا جب کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ان کی جانب سے نامناسب زبان استعمال کی جو کسی سیاستدان کو زیب نہیں دیتی۔دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ن لیگ کی جانب سے جمائمہ خان کے گھر کے باہر مظاہرے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمائما کے گھر کے باہر مسلم لیگ(ن)کے لوگوں نے مظاہرہ کیا جس کا مقصد پاناما لیکس میں شریف فیملی کے نام سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے کارکنان کی جانب سے جمائما گولڈ اسمتھ کے گھر کے باہر احتجاج کے دوران عمران خان ان کے گھر میں موجود نہیں تھے۔