سیالکوٹ (نیوزڈیسک) سیالکوٹ کے تاجروں نے اپنی مدد آپ کے تحت نجی انٹرنیشنل ایئرلائن سروس شروع کرنے پر کام کا آغاز کر دیا ۔تاجر برادری کی جانب سے لانچ کی جانے والی اس ائیر لائن کا ممکنہ نام ایئرسیال ہوسکتاہے اور اس بڑے پراجیکٹ کی سربراہی سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کرے گا۔ پروپاکستانی ویب سائٹ کے مطابق چیمبر کے صدر فضل جیلانی نے بتایاکہ ایئرسیال کے ڈائریکٹرز کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے ، اگست 2015میں اس منصوبے کی بنیادرکھی گئی ، اس میں تمام کاوشیں مقامی تاجربرادری کی ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق حالیہ سالوں میں تاجربرادری نے کئی بڑے منصوبے مکمل کیے جن میں ڈرائی پورٹس، ایکسپورٹ پراسیسنگ زون، سمال انڈسٹریل اسٹیٹ اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ شامل ہے ۔ بتایاگیاہے کہ اب بوئنگ 727-800طیاروں کی خریداری پر توجہ مرکوز ہے اور امکان ہے کہ رواں سال کے اختتام تک ایئرلائن اپنی سروس شروع کردے گی ، سیالکوٹ کو دنیا میں انڈسٹری ، کھیلوں کے سامان اور ہائی کوالٹی ایکسپورٹ کی وجہ سے جانا جاتاہے اور ایئرلائن سے تاجرحضرات کو اپنے کاروبار اور کم وقت میں برآمدات کرنے میں مدد ملے گی ۔