لاہور(نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے جیلخانہ جات چوہدری ارشد سعید نے کہا ہے کہ اورنج ٹرین آرام دہ، محفوظ، تیزرفتار اور سستی سفری سہولت کے ساتھ ساتھ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور آلودگی میں کمی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہاکہ اورنج ٹرین کی سہولت میسر آتے ہی شہر میں ٹریفک کے فلو میں 30فیصد کمی واقع ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ جن شہروں میں ٹرین سروس شروع کی گئی وہاں شہریوں کی بڑی تعداد اپنی گاڑیاں پارک کرکے ٹرین میں سفر کو ترجیح دیتی ہے۔چوہدری ارشد سعید نے کہاکہ اورنج ٹرین شہر کے کلچر میں خوشگوار تبدیلی کا بھی باعث ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ اورنج ٹرین تاریخی شہرلاہور کے باسیوں کے مزاج میں مثبت تبدیلی کا باعث بھی بنے گی۔انہوں نے کہاکہ ترقی کے دشمن ہی ایسے منصوبے کی مخالفت کرتے ہیں اور یہ وہ لوگ ہیں جو ملک کو جدید دور میں داخل نہیں ہونے دینا چاہتے۔