راولپنڈی (نیوز ڈیسک) آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج مسلسل کامیابی سمیٹتی جارہی ہے ، حالیہ ہی پاک فوج نے شمالی وزیرستان اور فاٹا کے دور دراز علاقوں میں حکومت کی رٹ بحال کراتے ہوئے 4304مربع کلو میٹر علاقہ اور نوہزار فٹ سے بلند تمام چوٹیاں دہشتگردوں سے کلیئر کرالیں، آپریشن کے دور ان 252دہشتگرد مارے گئے ، 160زخمی ہوئے، پاک فوج کے 8بہادرجوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور 39زخمی ہوئے ، شمالی وزیرستان ایجنسی میں 37012خاندان اپنے گھروں میں واپس پہنچ گئے ،94ترقیاتی منصوبے مکمل اور 153منصوبوں زیر تکمیل ہیں۔اتوار کو آئی ایس پی آر نے شوال میں جاری آپریشن کی تازہ صورتحال کے حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ آپریشن کا آخری مرحلہ فروری2016میں شروع کیا گیا فوجیوں نے جرات مندی سے دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شوال اور شمالی وزیرستان ایجنسی کا 640مربع کلو میٹر علاقہ کلیئر کر الیا۔بیان کے مطابق پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کے قبضے سے آخری علاقہ کلیئر کر انے کیلئے جون 2014ءسے آپریشن ضرب عضب کے آغاز سے اب تک سکیورٹی فورسز نے 4304مربع کلو میٹر علاقہ کلیئر کرایا ہے اور تمام علاقوں بالخصوص فاٹا کے دور دراز علاقوں میں حکومت کی رٹ بحال کرائی ہے۔بیان میں بتایاگیا کہ شوال میں آپریشن کے آخری مرحلے کے دور ان 252دہشتگردوں کے مارے جانے اور160دہشتگرد شدید زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔گزشتہ دو ماہ کے دور ان جرات مندی سے مقابلہ کرتے ہوئے آرمی کے 8فوجیوں نے جام شہادت نوش کیا اور 39زخمی ہوئے۔بیان میں کہاگیا کہ آپریشن کی وجہ سے عارضی بے گھر ہونے والے افراد کی واپسی پر پیشرفت منصوبے کے مطابق جاری ہے شمالی وزیرستان ایجنسی میں 37012خاندان اپنے گھروں میں واپس آ چکے ہیں جو کہ بے گھر افراد کی مجموعی تعداد کا 36فیصد ہے جبکہ شمالی وزیرستان ایجنسی میں پہلے اور دوسرے مرحلے کے دور ان مختلف نوعیت کے 94ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے میں 153منصوبوں پر کام جاری ہے۔