اسلام آباد(نیوز ڈیسک ) وزیر اعظم نوا زشریف ایشیا کپ اور ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی میں بدترین شکست پر برہم ہو گئے‘دونوں ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر سخت نوٹس لے لیا‘ٹیم کی ناقص کارکردگی پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کرنے اور تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لینے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف جو کرکٹ بورڈ کے پیٹرن انچیف بھی ہیں اور نہ صرف کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیںاور کہا ہے کہ پوری قوم کی طرح کرکٹ ٹیم کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔ وزیر اعظم نے حالیہ ناکامیوں ،کھلاڑیوں کے اختلافات اور پی سی بی کے حکام کی کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نے فواد احسن فواد کو ذمہ داری سونپی ہے کہ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کریں اور ٹیم میں ناقص کارکردگی کے لئے قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیں، تاکہ دن بدن زوال پذیر پاکستانی کرکٹ کو بہتر کیا جا سکے۔