اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی ایجنٹ کی گرفتاری کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے،وزیراعظم کو اس معاملے پر قوم سے خطاب کرنا چاہیے تھا،وزیراعظم کل بھوشن کی گرفتار ی کامعاملہ عالمی سطح پراٹھائیں،ایم کیوایم کے اندر کے ذرائع کہتے ہیں ان کے را کے ساتھ رابطے ہیں،،دہشتگردی کے باعث ملک تباہ ہورہاہے،ملک کی ترقی کیلئے امن ضروری ہے، اگر مجھے مینڈیٹ ملا تو پہلے نواز شریف سے کہوں گا کہ کرکٹ میں مداخلت ختم کریں، عمران خان نے کہا کہ نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ کرکٹ میں دو پاور سینٹر کیوں بنا دیئے گئے ہیں۔ جمعہ کو ایک نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے کہا کہ ”را“ افسر کی گرفتاری پر وزیراعظم خاموش ہیں۔ نواز شریف کو چاہیے تھا کہ وہ بھارتی جاسوس کے معاملے پر قوم سے خطاب کرتے کیونکہ یہ بہت سنجیدہ مسئلہ ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھارت پاکستان پر الزامات لگا کر معاملہ عالمی سطح پر اٹھاتا ہے۔ ملک کی ترقی کے لئے امن ضروری ہے دہشتگردی کے باعث ملک تباہ ہو رہا ہے۔ عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایم کیو ایم کے اندر سے ذرائع کہتے ہیں کہ ان کے را سے رابطے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھارتی ایجنٹ کے معاملے پر بات ہوگی۔ ہمارے حکمرانوں کو اپنے بزنس مفادات پاکستان کے مفادات سے آگے ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کرکٹ سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ کرکٹ کے میچ ہارنے کا مطلب یہ نہیں کہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سے استعفیٰ لیا جائے۔ میں 35سال سے کہہ رہا ہوں کہ بہتری کے لئے کرکٹ کو ادارہ بنایا جائے۔ اگر مجھے مینڈیٹ ملا تو پہلے نواز شریف سے کہوں گا کہ کرکٹ میں مداخلت ختم کریں، عمران خان نے کہا کہ نواز شریف سے پوچھتا ہوں کہ کرکٹ میں دو پاور سینٹر کیوں بنا دیئے گئے ہیں۔ پاکستان میں آسٹریلیا سے زیادہ ٹیلنٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ ٹیم میں کپتان کا کرادار اہم ہوتا ہے۔ کپتان ہر دباؤ کو برداشت کرتا ہے۔ دنیا کے کسی وزیراعظم کا کرکٹ سے تعلق نہیں ہوتا۔ ہمارے وزیراعظم کو کرکٹ کے معاملات سے علیحدہ کیا جائے۔ عمران خان نے کہا کہ عاقب جاوید،وقاریونس اور وسیم اکرم موجودہ سسٹم کے ذریعے نہیں آئے تھے۔ اگر ہماری کرکٹ کے نظام کو فوری بہتر کرنا ہے تو نجم سیٹھی کو فارغ کیا کریں اور شہریار خان کو انتظامی ذمہ داری دی جائے۔ عمران خان نے کہا کہ تینوں فارمیٹ کے لئے ایک ہی کپتان لایا جائے۔ کرکٹ میں مافیا بیٹھا ہوا ہے جو کرکٹ کو ٹھیک نہیں ہونے دے رہا۔ انہوں نے کہا کہ احسان مانی جیسے لوگ لائیں جنہیں نوکری کی ضرورت نہیں ہے۔ اگر میرے پاس وقت ہوتا تو میں خیبر پختونخوا سے عالمی سطح کی ٹیم بنا دوں۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں علاقائی کرکٹ کو درست کرنا ہو گا جو نجم سیٹھی سے نہیں ہو گا۔