ہنگو(نیوزڈیسک)اورکزئی ایجنسی میں کوئلے کے کان میں اچانک گیس بھر جانے سے دھماکہ۔5کان کن جاں بحق جبکہ 6زخمی۔زخمیوں کو فوری طور پرقریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی زبیر خان نے بتایا کہ اورکزئی ایجنسی کے علاقہ ڈولی میں مقامی شیراز کول کمپنی میں 11مزدور کام میں مصروف تھے کہ اسی دوران اچانک کان کے اندر گیس بھر جانے سے دھماکہ ہوا۔دھماکے کے بعد کوئلے کی کان بیٹھ جانے سے 11مزدور کان کے اندر ملے تلے دب گئے۔جس کے بعد پولیٹیکل انتظامیہ اور فرنٹیئر کور نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے 5مزدوروںاحسان الحق،حسین احمد،سید عالم،ارشداور امان اللہ کی نعشیں نکالی گئی جبکہ امدادری سرگرمیوں میں 6مزدوروںساقی الرحمان،امیر رحمان،ناصر احمد،محمد آیاز،فضل محمود اور سہیل زادہ کو زخمی حالت میں نکال لیاگیا ۔زخمیوں کو ایمبولنسس کے زریعے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیاجبکہ تمام مزدوروں کو نکالنے کے بعد ریسکیوں آپریشن کو مکمل کر لیاگیا ۔پولیٹیکل ایجنٹ اورکزئی ایجنسی زبیر خان نے بتایا کہ گزشتہ ماہ20مارچ کو اورکزئی کوئلے کان دھماکے کے بعد ماہرین نے تمام کانوں کی سروے کر کے حساس ترین کول کمپنیز کو بند کر دیا تھا لیکن مذکورہ کان کو مالکان نے پولیٹیکل انتظامیہ کے اجازت کے بغیر کھول دیا تھا جس کے باعث یہ واقعہ رونما ہوا۔زبیر خان نے بتایا کہ پولیٹیکل احکامات کے بعد بغیراجازت کان کھولنے پر شیراز کول کمپنی کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور کمپنی کے منیجر اور کنٹریکٹر کو گرفتار کر کے لائسنس منسوخ کی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 20مارچ کواسی مقام پر کوئلے کے کان میں دھماکہ ہوا تھا جس میں 7مزدور جاں بحق ہو گئے تھے جبکہ درجنوں مزدور زخمی ہوگئے تھے۔