دبئی (نیوز ڈیسک)عالمی بینک نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے سو ملین ڈالر کی رقم بطور قرض دینے کا اعلان کیا ہے۔ رقم نوکری کے مواقع پیدا کرنے کے منصوبوں میں استعمال ہو گی۔عالمی بینک نے رقم بین الاقوامی بینک برائے تعمیر نو اور ترقی کے تحت دینے کااعلان کیا ہے۔ عالمی بینک نے کہا کہ منصوبوں کے تحت کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور خواتین کیلئے نوکری کے مواقع پیدا ہونگے، فیکٹری ایکٹ جیسے قوانین میں تبدیلی کے ذریعے خواتین کو بلا تعصب روزگار کے مواقع دیئے جائیں گے اور خواتین کیلئے ٹرانسپورٹ اور ڈے کیئر کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ منصوبوں سے نئے کاروبار شروع کرنے کیلئے آسانی بھی پیدا کی جائے گی۔اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ پنجاب کی افرادی قوت میں ہر سال دس لاکھ کا اضافہ ہوتا ہے، نوجوانوں کو بے روزگاری سے بچانے کیلئے سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ منصوبے کے تحت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے مزید اقدامات کرے گا۔