لاہور ( این این آئی) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں متوقع اضافے کے پیش نظر آئل کمپنیوں نے لاہور کے پمپس پر سپلائی بند کر دی جس کے باعث شہر میں ایک بار پھر پیٹرول کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ۔ ذرائع کے مطابق اگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سمری وزارت پٹرولیم کو ارسال کر دی ہے ، سمری کی حتمی منظوری وزیر اعظم دیں گے تاہم اسی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے آل کمپنیوں نے لاہور کے پمپس پر سپلائی بند کر دی ہے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں تقریباً ساڑھے تین سو کے قریب پیٹرول پمپس ہیں جہاں روزانہ تقریباً 35لاکھ لیٹر پیٹرول سپلائی کیا جاتا ہے ۔ اب آئل کمپنیوں کی جانب سے سپلائی بند ہونے سے شہر میں پیٹرول کے بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔