راولپنڈی(نیوز ڈیسک)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے ایرانی صدر کو پاکستان خصوصاً بلوچستان میں بھارتی مداخلت سے آگاہ کیا ، بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے حوالے سے ایرانی انٹیلی جنس ایجنسیوں سے معلومات کا تبادلہ پہلے ہی ہو چکا ہے ۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ایرانی صدر حسن روحانی کے ساتھ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی بڑے اچھے ماحول میں بات چیت ہوئی پاکستان اور ایران کے باہمی تعلقات کو آگے بڑھانے اور علاقائی سیکیورٹی کے حوالے سے امور پر بات کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر سے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمیں تشویش ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں خاص طور پر بلوچستان میں مداخلت کررہی ہے اور بعض اوقات ہمارے برادر ملک ایران کی سر زمین بھی استعمال ہو جاتی ہے اس لئے بھارت کو بتایا جائے کہ وہ ایسی حرکتوں سے باز رہے اور پاکستان کو استحکام حاصل کرنے دے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں بھارتی جاسوس گرفتار ہوا ہے جس کے بارے میں ثبوت سب کے سامنے ہیں اور بھارتی جاسوس کی گرفتاری کے حوالے سے پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے ایرانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ معلومات کا تبادلہ پہلے ہی کر دیا ہے ۔ ایرانی صدر اور پاک فوج کے سربراہ کی سطح پر ہونیوالی ملاقات میں بھارت کے پاکستان بالخصوص بلوچستان میں مداخلت کے حوالے سے بات ہوئی ۔