کوئٹہ:(نیوز ڈیسک) بلوچستان سے بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر سروس اہلکار کو گرفتار کر کے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد منتقل کردیا گیاہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے سیکیورٹی ایجنسیوں نے خفیہ اطلاعات پر بھارتی خفیہ ایجنسی کے حاضر سروس اہلکار کل بھوشن یادوکوگرفتار کر لیا ہے ، را کے ایجنٹ کو تفتیش کیلئے اسلام آباد منتقل کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی کے ایجنٹ کی گرفتاری تین روز قبل عمل میں آئی تھی، راکے ایجنٹ کا بلوچستان میں علیحدہ پسند تنظیموں سے مکمل رابطہ تھا بھارت کی جانب سے اپنے ایجنٹ کو سونپی گئی ذمہ داریوں میں کراچی اور بلوچستان میں امن وامان خراب کرنا اور دہشتگردی کرانا شامل تھیں۔وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ اور اپنی جانب سے سیکیورٹی اہلکاروںکو مبارکباد دیتا ہوں جنہوںنے راکے ایجنٹ جو حاضر سروس اہلکار ہے کو گرفتار کیا ہے وہ انڈیا کی نیوی میں بھی کمانڈر رہ چکا ہے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے جس کا ثبوت آج سب کو مل گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت بلوچستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا ہم اس بارے میں مزید تحقیقات کر رہے ہیں ،انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ را کا ایجنٹ کہا ںسے گرفتار ہوا یہ اہم نہیں بلکہ یہ اہم ہے کہ بلوچستان سے راکے ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔