وزیرآباد(نیوز ڈیسک) نواحی موضع ڈہلہ چٹھہ میں فتح کا جشن منانے والے (ن) لیگ کے کارکنوں اور پی ٹی آئی کے ورکروں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں(ن) لیگ کے کارکنوں کی فائرنگ سے دو راہگیر موٹر سائیکل سوار نوجوان ہلاک جبکہ تین دیگر زخمی ۔پی ٹی آئی والوں نے اپنے دروازے کے سامنے ڈھول بجانے اور بھنگڑہ ڈالنے سے منع کیا تھا۔ تفصیلا ت کے مطابق موضع ڈہلہ چٹھہ میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن چوہدری بابر اور چوہدری محمد نواز کی قیادت میں اپنے امیدوار کی کامیابی پر دیہہ میں جشن منا رہے تھے ۔ جب وہ ڈھول بجاتے اور بھنگڑہ ڈالتے ہوئے پی ٹی آئی کے محمد انصر اور ناصر محمود کی رہائش کے سامنے پہنچے تو ان کو دروازے کے سامنے ڈھول وغیر بجانے سے منع کیا تو فریقین کے درمیان جھگڑا ہو گیا ۔ (ن) لیگ کے کارکنوں کی جانب سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار دو نوجوان ذیشان مسیح اور فرحان مسیح گولیوں کا شکار ہو گئے ۔دونوں مسیحی نوجوان زخموں کی تاب نہ لا تے ہوئے جا ں بحق ہو گئے۔جبکہ تین دیگر راہگیر زخمی ہو گئے ۔پولیس نے زخمیوں اور نعشوں کو ہسپتال پہنچایا۔ملزمان میں اصغر ، نواب اور ارشد بھی شامل ہیں۔