اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی وزیراعظم محمد نواز شریف کی دعوت پر 25 مارچ سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کرینگے۔ دونوں ممالک کی قیادت دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور ایران سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد اقتصادی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کریگی۔ حسن روحانی کا صدر کی حیثیت سے یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی دعوت پر ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی 25 سے 26 مارچ تک پاکستان کا دورہ کرینگے۔ صدر کی حیثیت سے حسن روحانی کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ ایرانی صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطح کاوفد بھی پاکستان کے دورے پر آئیگا جس میں وزرائ، اعلی حکام اور ایرانی تاجر شامل ہونگے۔ اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران ایرانی صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کرینگے۔ دونوں ممالک کی قیادت دو طرفہ تعلقات کے استحکام ، بالخصوص ایران سے پابندیاں ختم ہونے کے بعد اقتصادی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔ بات چیت کے دوران علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تعاون کے حوالے سے بھی امور زیر غور لائے جائینگے۔ بیان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد کی طویل تاریخ رکھتے ہیں اور یہ تعلقات ثقافتی ، مذہبی اور لسانی رشتوں پر مبنی ہیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق صدر حسن روحانی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دیگا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے مئی2014ءاور جنوری 2016ءمیں دورہ ایران کے موقع پر صدر حسن روحانی کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی تھی۔