اسلام آباد/لاہور/کراچی/کوئٹہ/پشاور( نیوز ڈیسک ) 76واں یوم پاکستان (کل)23مارچ بروزبدھ کو قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا ،حکومت کی طرف سے یوم پاکستان پر عام تعطیل کا علان کیا گیا ہے ،دن کا آغاز خصوصی دعاؤں سے ہوگا جس میں ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی ، وفاقی دارالحکومت میں 31،صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی ،سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے،یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں عزم پاکستان پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا ۔ تفصیلات کے مطابق 76یوم پاکستان آج 23مارچ کو قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا ۔ دن کا آغاز مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعاؤں سے ہوگا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں21،21توپوں کی سلامی دی جائے گی ۔وفاقی دارالحکومت اور صوبائی دارالحکومتوں میں یوم پاکستان کی مناسبت سے خصوصی تقریبات منعقد کی جائیں گی جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے جائیں گے ۔تعلیمی اداروں میں بھی یوم پاکستان کی تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔ مختلف جماعتوں کی طرف سے آج کے دن کی مناسبت سے ریلیاں نکالنے کے پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں۔یوم پاکستان کے موقع پر تحریک پاکستان کے رہنماؤں اور تقسیم برصغیر کی جد و جہد کے دوران جام شہادت نوش پانے والے اسلاف کی آخری آرام گاہوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی جائیں گی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ کراچی میں بانی پاکستان و بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناحؒ جبکہ لاہور میں شاعر مشرق ، مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ؒ کے مزاروں پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات منعقد ہو ں گی۔وفاقی حکومت کی طرف سے یوم پاکستان پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ مسلح افواج کی طرف سے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا ۔پریڈمیں پاک آرمی، بحریہ، فضائیہ اور ایف سی کے دستے شریک ہوں گے۔ پریڈ میں اعلیٰ حکومتی ، عسکری شخصیات اور سفارتکار بھی شریک ہوں گے ۔خواتین فوجیوں کا دستہ بھی پریڈ میں شریک ہوگا۔ پریڈ میں چاروں صوبوں کی ثقافت اجاگر کرنے کے لئے فلوٹ ہوں گے جن پر علاقائی رقص، ثقافتی دھنیں بجائی جائیں گی۔ ایس ایس جی کمانڈوز، لائٹ انفنٹری، کمانڈو بٹالین، میکنائزڈ انفنٹری یونٹ بھی پریڈ میں شامل ہیں۔ آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیلی کاپٹرز جن میں بیل، ایم آئی 17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز پریڈ میں شریک ہوں گے۔ پاک فضائیہ کے جدید طیارے خصوصا جے ایف تھنڈر 17 طیارے پریڈ میں حصہ لیں گے ۔ ائیرفورس کے طیاروں میں جدید ترین ایف 16 طیارے، ایف 7، ایف 7 پی جی اور دیگر جدید جہاز فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کریں گے۔ پریڈ میں سٹرٹیجک پلاننگ ڈویژنز کے دستے پریڈ میں شریک ہیں۔ اس موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں یوم پاکستان کی مناسبت سے لبرٹی گول چکر سے مین مارکیٹ اور مین مارکیٹ سے واپس لبرٹی گول چکر تک عزم پاکستان پریڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں شوبز ، کھیلوں سمیت دیگر شعبوں سے وابستہ نامور شخصیات شریک ہوں گی ۔ پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور پریڈ کے دوران ایلیٹ فورس کی گاڑیاں اطراف میں گشت کریں گی ۔