ممبئی (نیوز ڈیسک)بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کا کہنا ہے کہ ان کی آنے والی فلم ’رئیس‘ میں نہایت باصلاحیت اور قابل اداکار موجود ہیں، جن کی وجہ سے انھیں بھی بہتر پرفارمنس کا موقع ملے گا۔واضح رہے کہ فلم’’رئیس‘‘ میں پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اپنا بولی وڈ ڈیبیو کرنے جارہی ہیں، جبکہ نوازالدین صدیقی بھی فلم میں اہم کردار کرتے نظر آئیں گے۔بھارتی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ایک تقریب کے دوران شاہ رخ خان کا کہنا تھا ’میری فلم میں بہترین اداکار موجود ہیں، یہ بہت حد تک حقیقت پر مبنی ہے اور راہول ڈھولکیا اس کی ہدایات دے رہے ہیں۔شاہ رخ خان نے اپنے ساتھی اداکاروں کے حوالے سے کہا، ’اس فلم میں ماہرہ خان، نوازالدین صدیقی اور محمد ذیشان ایوب موجود ہیں، ہمارے پاس فلم میں کافی باصلاحیت اداکار ہیں، میں ان سب سے بے حد متاثر ہوا ہوں اور مجھے امید ہے کہ ان سب کی وجہ سے میں اپنی پرفارمنس بہتر کروں گا۔شاہ رخ خان اپنی فلم رئیس میں ایک گجراتی گینگسٹر کے روپ میں نظر آئیں گے جبکہ ماہرہ خان ان کی بیوی کا کردار کریں گی اور نوازالدین صدیقی ایک پولیس افسر کے رول میں نظر آئیں گے۔فلم ’’رئیس‘‘ رواں سال عید پر ریلیز کی جائے گی۔دوسری جانب شاہ رخ کی ایک اور فلم ’فین‘ بھی رواں سال 15 اپریل کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔فلم’ ’فین‘‘ میں شاہ رخ خان ڈبل کردار میں نظر آئیں گے۔