لاہور(نیوزڈیسک )پنجاب بھر میں چلنے والی ہزاروں کمرشل گاڑیوں اور بسوں کے زیادہ تر مالکان سندھ میں ایک ہزار روپے ٹوکن ٹیکس ادا کرکے محکمہ ایکسائز پنجاب کے ٹیکس نیٹ ورک سے بچ نکلتے تھے۔ ڈی جی اکرم اشرف گوندل کی ہدایات کے مطابق پنجاب کا روٹ پرمٹ رکھنے والی گاڑیوں اور بسوں کے مالکان اب پنجاب ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو ٹوکن ٹیکس ادا کریں گے کیونکہ یہ گاڑیاں نوے فیصد سے زائد سڑکیں تو پنجاب کی استعمال کرتی ہیں۔ موٹر رجسٹریشن اتھارتی عدیل امجد کا کہنا ہے کہ پنجاب میں بسوں سے فی سیٹ ٹوکن ٹیکس لیا جاتا ہے نان اے سی ایک سو اسی جبکہ اے سی بسوں کا تین سو روپے فی سیٹ ٹوکن ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ اس طرح سندھ میں ایک ہزار ٹوکن ٹیکس ادا کرنے والی بس کا اکیس ہزار روپے سے زائد ٹیکس بنتا ہے۔ اس لیے محکمہ ایکسائز نے نیوخان، فیصل موورز، نیازی اور دیگر بڑے ٹرانسپورٹرز کو نوٹسز بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ لاہور شہر کے خارجی و داخلی راستوں پر ناکہ بندی کی جائے گی، ڈائریکٹر چوہدری محمد ارشد سہل کے حکم کے مطابق اس آپریشن کی وہ خود نگرانی کرینگے اور تمام کمرشل گاڑیوں کی چیکنگ اورقانونی کاروائی بلاتفریق کی جائے گی۔