لاہور ( نیوز ڈیسک) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی مزید دو درخواستیں دائر کردی گئیں، مشتاق سکھیرا کے خلاف درخواستوں کی تعداد 102ہوگئی۔گزشتہ روز آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے خلاف توہین عدالت کی مزید دو درخواستیں دائر ہو گئی ہیں۔ یہ درخواستیں خالد ظفر اور انجینئر سید محمد الیاس کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔ درخواست گزار خالد ظفر کا کہنا ہے کہ اس کے بیٹے احمد ریحان کے خلاف سرگودھا کے تھانے میں بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا جس پر عدالت نے 18فروری کو فیصلے کا حکم دیا لیکن ابھی تک فیصلہ نہیں سنایا گیا۔ تاہم آئی جی اور ایڈیشنل آئی جی کے خلاف توہین عدالت کے تحت کارروائی کی جائے۔ دوسری طرف انجینئر سید محمد الیاس نے بھی عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے ہراساں کیے جانے پر عدالت میں درخواست دائر کی۔ عدالت نے نو دسمبر 2014ءکو فیصلے کا حکم دیا جس پر ابھی تک کارروائی نہیں کی گئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ آئی جی مشتاق سکھیرا کے خلاف توہین عدالت کیس کے تحت کارروائی کی جائے۔