ممبئی(نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور کا کہنا ہے کہ انہوں نے تاحال کسی پاکستانی فلم میں اداکاری کی حامی نہیں بھری ہے۔ایک ایوارڈز شو کے ریڈ کارپٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ وہ پاکستان کے کسی پروجیکٹ میں کام نہیں کر رہیں ۔واضح رہے گزشتہ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کہا گیا تھا کہ معروف پاکستانی فلمساز شعیب منصور کی جانب سے اپنی نئی فلم کیلئے اداکارہ کرینہ کپور کو مرکزی کردار کی پیشکش کی گئی ہے ۔تاہم اداکارہ کی جانب سے اس معاملے پر لاعلمی کا اظہار کیا گیا ہے ۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ آجکل اپنی نئی آنے والی فلم ’’کی اینڈ کا‘‘کی تشہیر میں مصروف ہیں ، انھوں نے بتایا کہ ’’کی اینڈ کا‘‘کی کہانی بہت مختلف ہے اور انھیں امید ہے کہ وہ لازماً انکے پرستاروں کی امیدوں پر پورا اترے گی ۔آر بالکی کی ’’کی اینڈ کا‘‘میں کرینہ کپور کے ہمراہ ارجن کپور مرکزی کردار اداکرتے نظر آئیں گے ۔