لاہور(نیوز ڈیسک) ماڈل واداکارہ صبا قمر نے فلم ’’کراچی سے لاہور‘‘ کے سیکوئل ’’ لاہور سے آگے‘‘ میں عائشہ عمر کی جگہ لے لی، وہ یاسر حسین کے مقابل مرکزی کردار رہی ہیں جو اس فلم کے رائٹر بھی ہیں ۔صبا قمر جن کی دو فلمیں ’’ کمبخت‘‘ اور’’8969’’ پوسٹ پروڈکشن کے مراحل میں ہیں ۔ان کی ایک فلم ’’منٹو‘‘ 2015ء میں ریلیز ہوئی جس میں انھوں نے معروف پلے بیک سنگر ملکہ ترنم نورجہاں کا کردار بخوبی نبھایا۔ ہدایتکار وجاہت روف نے ’’کراچی سے لاہور‘‘ میں اداکارہ عائشہ عمر اور شہزاد شیخ کے علاوہ سنیئر اداکار جاوید شیخ ، ایشتا سید شامل تھے مگر انھوں نے اپنے سیکوئل ’’لاہور سے آگے ‘‘ میں پوری کاسٹ تبدیل کرتے ہوئے اپنے رائٹر واداکار یاسر حسین کے مقابل صبا قمر اور دیگر فنکاروں میں روبینہ اشرف اور بہروز سبزواری کو کاسٹ کیا ہے ۔جس کی زیادہ تر عکسبندی لاہور میں کی جائے گی۔ صبا قمر جنہوں نے کیرئیر کا آغاز ڈرامہ سیریل ’’میں عورت ہوں‘‘ سے کیا اس کے بعد انھوں نے’’جناح کے نام‘‘ ، ’’تیرا پیار نہیں بھولے‘‘ ، ’’داستان‘‘ ، ’’ بنٹی آئی لو یو‘‘ ، ’’پانی جیسا پیار ‘‘ میں احسن خان ، فواد خان اور میکال ذوالفقارسمیت دیگر معروف فنکاروں کے مقابلے کام کیا ۔ صبا قمر نے اداکار ندیم بیگ اور شبنم کی سپرہٹ فلم ’’آئینہ‘‘ کے ری میک ’’آئینہ‘‘ میں اداکارہ شبنم کا کردار ریتا پرفارم کیا ، جس میں ان کے مقابل فیصل قریشی تھے ۔اداکارہ نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستانی فلموں کی کامیابی سے یہ بات واضح ہوگئی کہ فلم نہیں بلکہ ناقص حکمت عملی اسے لے ڈوبی تھی۔جب اچھی فلمیں بننے لگیں تو سینماؤں میں انھیں دیکھنے کے لیے لوگ آنے لگے ہیں۔ اب یہ ہماری ذمے داری ہے کہ اپنے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ورک کرتے رہیں۔