لاہور(نیوزڈیسک)رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ کے دوران غیر ملکی کمپنیوں نے 1ارب ڈالر سے زائد سرمایہ باہر بھیج دیا۔رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کام کرنے والی غیر ملکی کمپنیوں نے رواں مالی سال میں جولائی 2015ءسے جنوری 2016ءکے دوران 1 ارب ڈالر سے زائد زرمبادلہ بیرون ملک بھیجا جبکہ اسی عرصے کے دوران 81 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی۔صرف مالیاتی اداروں نے 25 کروڑ ڈالر منافع بیرون ملک منتقل کیا ہے۔ ماہرین معاشیات کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے منافع کو بیرون منتقل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ کمپنیاں اپنے آپریشن پاکستان میں بڑھا نہیں رہیں۔ اس لئے حکومت کو سرمایہ کار دوست ماحول قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ بیرونی سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ کمپنیاں پاکستان میں ہی اپنے آپریشنز بڑھائیں۔