اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان میں یوکرین کے سفیر ولادی میرلیکموف نے کہاہے کہ یوکرین کی کئی کمپنیاں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی رکھتی ہیں۔صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سے دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدت دوطرفہ تعاون مزید مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین ، پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ خطے میں اقتصادی استحکام کی ضمانت ہوگا۔سفیر نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین سرمایہ کاری کے تحفظ کے باہمی سمجھوتے کے مسودے کو حتمی شکل دے رہے ہیں تاکہ سرمایہ کاری کے مواقع کو فروغ دیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ معاہدے سے دونوں ملکوں کے درمیان دوہرے ٹیکس سے بچنے میں مدد دینے کے علاوہ سرمایہ کاروں کیلئے محفوظ سرمایہ کاری کے عمل کی حوصلہ افزائی ہوگی۔سفیر نے کہا کہ یوکرین کی کمپنیاں اربوں ڈالر کے ترکمانستان ، افغانستان ، پاکستان ، بھارت گیس پائپ لائن منصوبے میں سرمایہ کاری کیلئے بھی تیار ہیں۔سفیر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستانی حکومت اور مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔