لاہور (نیوز ڈیسک) گورنر گلگت بلتستان میرغضنفر علی خاں نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں اورچاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا باقاعدہ سٹیٹس دے دیا جائے،گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق ملنے کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی نمائندگی ملنی چاہئے۔پنجاب اسمبلی کے باہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر گلگت بلتستان میر غضنفر کا کہنا تھا کہ لاہور آکر بہت خوشی ہوتی ہے زمانہ طالبعلمی بھی لاہورمیں ہی گزارا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے سی پیک منصوبوں میں گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جو انتہائی خوش آئند ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سکردو، گلگت روڈ اوردیگرسڑکوں پرترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور اس سلسلہ میںوفاقی حکومت بالخصوص وزیراعظم نوازشریف بھرپورتعاون کررہے ہیں۔ میرغضنفر علی خاں نے کہا کہ گلگت بلتستان 15ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ ا س کی اپنی ضرورت صرف ایک ہزار میگاواٹ ہے لہٰذا زیادہ پیداواور کا فائدہ پاکستان کو ہوگا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سیروسیاحت بڑھانے کیلئے اسلام آباد کی طرح لاہور سے بھی گلگت بلتستان کیلئے پروازیں شروع کی جائیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہی رہنا چاہتے ہیں اورچاہتے ہیں کہ گلگت بلتستان کو صوبے کا باقاعدہ سٹیٹس دے دیا جائے،گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق ملنے کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی نمائندگی ملنی چاہئے۔