اسلام آباد (نیوز ڈیسک)سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن )کی ایم پی اے راشدہ یعقوب کی رکنیت بحال کردی۔ عدالت نے پی پی 78جھنگ کے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کردیا۔جسٹس اقبال حمید الرحٰمن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے پی پی 78جھنگ سے مولانا محمد احمد لدھیانوی کیخلاف انتخابی عذرداری کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ شیخ محمد یعقوب کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پرانکی اہلیہ نے کاغذات جمع کرائے اور انتخابات جیت گئیںتاہم الیکشن ٹربیونل نے انکے خاوند کے کاغذات کی بنیاد پر جیت کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دے کر مولانا احمد لدھیانوی کو کامیاب قراردیا۔ جس پر راشدہ یعقوب نے ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف اپیل سپریم کورٹ میں دائر کی تھی۔راشدہ یعقوب کی درخواست پر عدالت نے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ایم پی اے راشدہ یعقوب کی رکنیت حکم امتناعی پر بحال کردی۔ الیکشن ٹریبونل نے راشدہ یعقوب کو اثاثہ جات ظاہر نہ کرنے پر نا اہل کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت چوبیس فروری تک ملتوی کردی۔