اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی فراہمی کرنے کے عدالتی فیصلے کے خلاف دائر کیس میں سیکرٹری داخلہ‘ سیکرٹری دفاع‘ کیبنٹ ڈویژن اور چاروں صوبائی سیکرٹریز سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل(بدھ) تک جواب طلب کرلیا ہے۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق قریشی اور جسٹس عامر فاروق پرمشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے ایڈووکیٹ شیخ احسن الدین اور ایڈووکیٹ توفیق آصف جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل افنان کریم کندی عدالت میں پیش ہوئے’ افنان کریم کنڈی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سنگل بنچ میں انفرادی حیثیت میں نہیں بلکہ لائرز فورم کی جانب سے درخواست دی گئی تھی ۔ سنگل بنچ نے کیبنٹ ڈویژن اور وزارت قانون کو سنے بغیر فیصلہ سنایا تھا۔ بلٹ پروف گاڑی وزارت داخلہ نے فراہم کی جو کہ مجاز ادارہ ہی نہیں ہے۔ گاڑی صرف کیبنٹ ڈویژن ہی فراہم کر سکتی ہے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت کل (بدھ) تک ملتوی کردی۔