اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن اور دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے آپریشن کا آغاز فوری کیا جائے ۔پنجاب میں حکمرانوں نے کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے کہا کہ پنجاب میں صوبائی وزراء اور افسران کرپشن میں ملوث ہیں جبکہ دہشت گردوں کے ٹھکانے بھی موجود ہیں پنجاب میں انتہا پسندی کو جلد ختم نہ کیا گیا تو حالات کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ فوج صوبے میں کرپشن اور انتہا پسندی کے خاتمہ کے لئے آپریشن کا آغاز جلد کرے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ضلعی چیئرمینوں کے انتخاب میں بلدیاتی نمائندوں کی خریداری میں مصروف ہے صوبائی خزانہ سے بلدیاتی نمائندون کو خریدا جا رہا ہے ۔ مخدوم سید فیصل صالح حیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جھنگ اور چنیوٹ کے ضلعی چیئرمین مخدوم گروپ سے ہی منتخب ہو گا دونوں اضلاع میں ان کے مخدوم گروپ نے کامیابی حاصل کی تھی انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو ریٹائرمنٹ بارے کوئی پالیسی بیان نہیں دینا چاہئے فوج کے مفاد میں ان کے مدت ملازمت میں توسیع دی جائے ۔ جنرل راحیل شریف کو مدت ملازمت میں توسیع دینا قومی مفاد میں ہے ماضی میں بھی قومی مفاد میں فوجی سربراہوں کو توسیع ملتی رہی ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حکومت پنجاب عوام کو معاشی تحفظ اور سیکورٹی فراہم کرنے میں ناکام ہو گئی ہے پنجاب کے حکمران اپنی ذاتی تجوریاں بھرنے میں مصروف ہیں ۔