لاہور( نیوز ڈیسک)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کا مجھے دوبارہ ڈی سیٹ کرنے کا خواب کبھی حقیقت نہیں بن سکے گا ،ان لوگوں کی قسمت میں رونا ہی لکھا ہے اور یہ روتے ہی رہیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمن آباد میں وزیر اعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری میاں طارق کے صاحبزادے کی دعوت ولیمہ میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سردار ایاز صادق نے پی ٹی آئی کی طرف سے انہیں دوبارہ ڈی سیٹ کرنے کے حوالے سے بیانات کے سوال کے جواب میں کہا کہ آج میرے بھتیجے کا ولیمہ ہے اللہ اسے مبارک کرے ۔ خوشی کے موقع پر خوشی کی اور اچھی اچھی باتیں ہونے چاہئیں ، ایسے موقع پر رونے دھونے والوں کی باتیں نہیں کی جانی چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کی قسمت میں صرف رونا ہی لکھا ہے اور میں ایسے لوگوں کا ذکر نہیں کرنا چاہتا ۔ مجھے ڈی سیٹ کرنے کا خواب صرف خواب ہی رہے گا اور یہ کبھی حقیقت نہیں بن سکے گا ۔ جھوٹے بیان حلفی جمع کرانے ،الزامات اورغلط بیانی کرنے والوں کے خلاف آئندہ ہفتے رٹ پٹیشن دائر کرنے جارہا ہے جس کی سزا پانچ سے سات سال ہے ۔