اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس کو انتہائی مطلوب دو ملزمان کو انٹرپول کے ذریعے ابوظہبی سے گرفتار کر کے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ،نام ای سی ایل میں شامل ہونے کے باعث اسلام آباد سے ابوظہبی جانے والے مسافر کو بینظیر ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیاجبکہ نامکمل سفری دستاویزات پر ابو ظہبی جانے والے مسافر کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق لاہور اور بہاولنگر پولیس کو انتہائی مطلوب ملزمان راجا عبید الرحمان اور فقیر ولی کو ابوظہبی سے انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لایا گیا ۔ بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ راولپنڈی سے ملزم راجہ عبید الرحمان کو تھانہ گارڈن ٹاﺅن لاہور پولیس جبکہ ملزم فقیر ولی کو تھانہ بہاولنگر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ۔ دونوں ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت فوجداری مقدمات قائم ہیں ۔ دوسری جانب اسلام آباد سے ابوظہبی جانے والے مسافر کو بینظیر ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا ۔ تیمرگرہ کے محمد ابراہیم کا نام ای سی ایل میں شامل تھا ۔ ملزم کو انسداد انسانی سمگلنگ سیل منتقل کر دیا گیا ہے ۔ نامکمل سفری دستاویزات پر ابو ظہبی جانے والا مسافر عثمان میراں کو جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ۔