اسلام آباد (نیوز ڈیسک) حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ سے بھی بغیر ایجنڈے کے پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کا بل پاس کروانے کی کوشش ناکام ہو گئی، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بل کو قوانین سے ہٹ کر ایجنڈے پر رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ رولز کے مطابق کسی بھی بل اور ایجنڈے پر رکھنے کیلئے وزارت پارلیمانی امور کو ایک دن قبل آگاہ کرنا چاہیے تھا، قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بل کو ایجنڈے پر نہیں رکھ سکتے۔ جمعہ کو سینیٹ اجلاس میں معمول کا ایجنڈا مکمل ہونے کے بعد چیئرمین میاں رضا ربانی نے کہا کہ آج وزارت پارلیمانی امور کے اسسٹنٹ سیکرٹری شمس الرحمان کی جانب سے خط موصول ہوا ہے کہ پی آئ یاے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے حوالے سے بل کو ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمانی قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رولز 26 کے تحت کو ئی بھی بل یا حکومتی ایجنڈا ایوان کے ایجنڈے میں شامل کرنے کیلئے کم از کم 24گھنٹے قبل آگاہ کرنا ضروری ہے، اجلاس شروع ہونے سے ایک گھنٹہ قبل آگاہ کرنے پر ہم پی آئی اے کو پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بنانے کے بل کو ایجنڈے میں شامل نہیں کر سکتے