کراچی(نیوز ڈیسک)کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے محکمہ پارکنگ نے ضلع جنوبی میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کا انکشاف کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک درجن سے زائدغیر قانونی پارکنگز 6 تھانوں کی حدود میں چل رہی ہیں۔بلدیہ عظمی کراچی نے ضلع جنوبی میں غیر قانونی پارکنگ مافیا کا انکشاف کیا ہے۔ جیو نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق غیر قانونی پارکنگز تھانہ آرام باغ، آرٹلری، کھارادر، میٹھادر، پریڈی اور سول لائن کی حدود میں چل رہی ہیں جبکہ رفیقی شہید روڈ، جامع کلاتھ، ٹاور، بولٹن مارکیٹ، اور صدر سمیت شہر کے ایک درجن سے زائد علاقوں میں یہ غیر قانونی دھندا کھلے عام جاری ہے۔محکمہ چارجڈ پارکنگ نے ضلع جنوبی کے 6 ایس ایچ اوز کو کے ایم سی محکمہ پارکنگ کا خط لکھا ہے کہ اپنی حدود میں یہ غیر قانونی کام بند کرائیں کیونکہ اس سے کے ایم سی کو مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔ کے ایم سی چارجڈ پارکنگ کے ذرائع نے یہ دعوی کیا ہے کہ غیر قانونی پارکنگ مافیا کوعلاقہ پولیس اور ٹریفک پولیس کی سرپرستی حاصل ہے جو مافیا سے لاکھوں روپے ماہانہ کما رہی ہے