جنوبی وزیرستان (نیوز ڈیسک )فاٹا کے اراکین پارلیمنٹ نے صوبہ خیبرپختون خوا میں گورنر کی تعیناتی پر بھرپور احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کے پی کے میں گونگا اور بہر ہ گورنر تعینات کرنے سے گریز کریں۔بصورت دیگر فاٹا کے اراکین پارلیمنٹ بھرپور احتجاج کریں گے۔منگل کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فاٹا کے سنیٹر مولانا محمد صالح شاہ کا کہناتھا کہ صوبہ خیبرپختون خواہ کی اہمیت دیگر صوبوں سے بہت زیادہ ہے ۔اس کی وجہ فاٹا کے سات قبائلی علاقوں اور ایف آر کے علاقے ہیں۔ان کا کہناتھا کہ صوبہ خیبرپختون خواہ کی گورنر کا پوسٹ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔اگر فاٹا کے حالات اور روایات سے واقف گورنر تعینات ہوتا ہے تو فاٹا میں امن و امان کی صورتحال بہت جلد بہتر ہوتے ہیں۔اگر کے پی کے میں ایسا گورنر تعینات ہوتا ہے جو فاٹا کے حالات و روایات سے نا واقف ہو تا ہے تو وہ فاٹا کے قبائلی علاقوں کے لئے جلتی پر تیل کا کردار ادا کرتا ہے۔ان کا کہناتھا کہ ہم فاٹا کے اراکین پارلیمنٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبہ خیبرپختون خواہ میں گونگا بہرہ گورنر کی تعیناتی کی صورت میں بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ سینیٹر مولانا محمد صالح شاہ نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے بھی اپیل کی کہ وہ کے پی کے میں فاٹا کے روایات کو جاننے والا گورنر کی تعیناتی میں کردار ادا کریں۔