اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پی آئی اے ملازمین کو پولیس کی طرف سے دھمکیاں دی جانے لگیں۔اس سلسلے میں فضائی میزبانوں کو خصوصی طور پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ میڈیا نیوز کے مطابق حکومت کی طرف سے پی آئی اے کے ملازمین کو یہ دھمکیاں دی جا رہی ہیں کہ وہ ڈیوٹی پر واپس آجائیں ورنہ ان سے سختی سے نمٹا جائے گا۔اس بارے میں ایک ایئر ہوسٹس نے جیو نیوزاور اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ اس کو پولیس کے ذریعے یہ دھمکی دی گئی ہے کہ وہ اگر ڈیوٹی پر واپس نہ آئی تو اس کو پولیس وین میں ڈال کر تھانے لے جایا جائے گا۔ اس ایئر ہوسٹس نے روتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنی نوکری کی نہیں بلکہ اپنی عزت کی فکر ہے لیکن لگتا ہے کہ حکومت ہمیں بے عزت کرنے پر تلی ہوئی ہے۔اس کا مزید کہانا ےھا کہ ہم اپنے بچوں کیلئے کام کر رہے ہیں۔مجھے نامعلوم نمبروں سے فون کئے گئے جب میں نے فون بند کر دیا تو میرے گھر کے باہر دو پولیس والے کھڑے کر دیئے گئے۔ اس نے کہا کہ ہمیں نوکری سے نکالنا ہے تو نکال دیں لیکن برائے مہربانی بے عزت نہ کریں۔اس بارے میں پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمیں بھی ملازمین کو ملنے والی دھمکیوں کے بارے میں معلوم ہوا ہے اس بارے میں ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔