ملتان (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف کے سینئر راہنما اور رکن قومی اسمبلی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت لازمی سروس ایکٹ کو فی الفور ختم کر کے قومی ایئرلائن کے ملازمین کی ہلاکت پر عدالتی کمیشن بنائے اور ملازمین کو جن حکومتی پالیسیوں پر اعتراض ہے انہیں ضد اور انا کے بغیر حل کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت پی آئی اے واقعے پر فوری طور پر جوڈیسل کمیشن بنائے تاکہ عوام کو اصل حقائق پتہ چل سکیں انہوں نے کہا کہ دباﺅ اور تشدد سے مسائل حل نہیں کئے جا سکتے حکومت کو پی آئی اے ملازمین سے مذاکرات کرنے چاہئے تاکہ قومی ایئرلائن کے ملازمین کو جن حکومتی پالیسیوں سے اعتراض ہے ان کا حل نکل سکے ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت لازمی سروس ایکٹ کے تحت مالزمین کو بنیادی حقوق سے محروم کرنا چاہتی ہے ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں اور اس کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت قومی اسمبلی میں پی آئی اے بل پر بحث نہیں کراتی کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اگر ایسا کیا تو نجکاری کے مقاصد سامنے آ جائیں گے ۔