کراچی(نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماسید سہیل عابدی نے کہاہے کہ پی آئی اے ملازمین پر بے رحمانہ تشدد قابل مذمت ہے، مزدوردشمن حکومت مزدوروں کے معاشی قتل عام کے بعد براہ راست مارنے کے درپے ہے، پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال اور احتجاج حکومت کی نااہلی اور وزراء کی کوتاہی کا ثبوت ہے۔ یہ باتیں انہوں نے باب العلم امام بارگاہ نارتھ ناظم آباد میں پی آئی اے کے شہیداسسٹنٹ مینیجر عنایت رضاکے سوئم کے موقع پر شرکاء سے گفتگوکرتے ہوئے کہیں،اس موقع پر حمید میمن، اسلم سومرو، نثارعزیزآبادی، عظیم خان، ریحان شہنشاہ ودیگر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کی ہٹ دھرمی کے باعث پاکستان بھر کی عوام میں بے چینی اور شدید اضطراب پایاجارہاہے،عوام پر مسائل کاانبار لاد دیاگیاہے جس کے باعث ان کا جینادوبھر ہوچکاہے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ہمیشہ کی طرح آج بھی مزدوروں کے ساتھ ہے،حکومتی فیصلوں کی بھرپورمذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت فوری طورپر اپنے کالے فیصلے واپس لے کر پی آئی اے ملازمین اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے قومی حمیت کا ثبوت دے۔