لاہور( نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سرطان کے مرض سے بچاؤ کے لئے موثرآگاہی کی ضرورت ہے،اگر ابتدائی سطح پر کینسر کی تشخیص ہو جائے تو اس کا علاج ممکن ہے۔ وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے سرطان سے بچاؤ کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ کینسر کے عالمی دن کو منانے کا مقصد سرطان کے پھیلا ؤ کی روک تھام کے حوالے سے لوگوں کومعلومات اور احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی دینا ہے۔ احتیاطی تدابیر اور بہتر غذا کے استعمال سے دنیا میں کینسر سے متعلقہ چالیس فیصد بیماریوں سے بچا و ممکن ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہے اور پنجاب حکومت عوام کو بہتر علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وسائل کی کمی نہیں آنے دیگی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب کینسر کے مریضوں کی تشخیص، علاج اور مفت ادویات کی فراہمی کے لیے موثراقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینسر کے مریضوں اور خاندانوں کو جس اذیت سے گزرنا پڑتا ہے یہ صرف وہی جانتے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کینسر کا کوئی مستحق مریض غربت کی وجہ سے مفت ادویات کی فراہمی سے محروم نہ رہے۔