لاہور(نیوزڈیسک)پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فوڈ اتھارٹی سے متعلق ترمیمی مسودہ قانون کی منظوری کے موقع پر ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز کا بھی ذکر ہوا ۔ تحریک انصاف کے ملک تیمور نے کہا کہ عائشہ ممتاز جب ڈھابوں ،ریڑھیوںاور چھابڑی والوں پر چھاپے مار رہی تھیں تو بڑی اچھی تھیں لیکن جب انہوں نے سیاسی شخصیات سے وابستگی رکھنے والوں کے بڑے بڑے ہوٹلوں پر چھاپے مارے اور ان کا گند پکڑا تو انہیں تاریکیوں اور اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ہائیکورٹ نے انہیں سوشل میڈیا پر تصویر اپ لوڈ کرنے سے روکا ہے کیونکہ عدالت کا کہنا تھا کہ اس کے اچھے اثرات مرتب نہیں ہو رہے ۔انہیں اندھیروں میں نہیں دھکیلا گیا بلکہ وہ اب بھی ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی پنجاب کے عہدے پرکام کر رہی ہیں۔