واشنگٹن(نیوزڈیسک) پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے خورشید شاہ اور رحمان ملک کو وفاق کے ساتھ رابطے اور معاملات بہتر بنانے کے لیے سیاسی قیادت سے رابطوں کا ٹاسک دے دیا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے ملک میں جاری سیاسی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی رہنماؤں کو وفاق کے ساتھ رابطے اور معاملات بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے۔آصف زرداری نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور سینیٹر رحمان ملک کو سیاسی قیادت سے رابطوں کا ٹاسک دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیاسی امور اور صوبائی حکومت کے اختیارات پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے جب کہ جرائم پیشہ افراد کی گرفتاری پر بیان بازی بھی نہ کی جائے۔واضح رہے سابق صدر آصف زرداری اس وقت امریکا میں موجود ہیں جہاں وہ پارٹی چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ (آج) جمعرات کو امریکی صدر براک اوباما کی جانب سے ناشتے کی دعوت میں شرکت کریں گے۔