اسلام آباد /کراچی(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہاہے کہ سندھ رینجرز کی انسداد دہشتگردی کے حوالے سے اختیارات کی مدت آئندہ چند روز میں ختم ہو رہی ہے ٗ بہتر ہے باہمی مشاورت کیساتھ نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے ۔ پیر کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد وزیرداخلہ نے وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا اور کہاکہ سندھ رینجرز کی انسدادِ دہشتگردی کے حوالے سے اختیارات کی مدت آئندہ چند رو زمیں ختم ہو رہی ہے ٗبہتر ہے کہ اس حوالے سے باہمی مشاورت کے ساتھ نیا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے تاکہ کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیغام جائے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہاکہ میں آپ سے اتفاق کرتا ہوں پیر کو کابینہ کے اجلاس کے بعد صوبائی حکومت سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی ریکوزیشن منگل کو وفاقی حکومت کو بھیج دے گی ۔سیدقائم علی شاہ نے کہاکہ اس ریکوزیشن کے الفاظ سے بھی بہتر پیغام جائیگاٗہماری آپکو کراچی آنے کی دعوت اب بھی موجود ہے۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ میں انشاء اللہ بہت جلد کراچی آؤں گا مگر اس سے پہلے ایک باہمی اتفاق کے ذریعے جاری نوٹیفیکیشن کراچی آپریشن کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت ہو گی اس حوالے سے صوبائی حکومت کے جو بھی تحفظات ہیں ان کو دور کرنے کی پوری کوشش کی جائیگی۔