لاہور( نیوزڈیسک)پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں میں تبلیغی جماعتوں پر پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تبلیغی جماعتیں فرقہ واریت سے پاک ہیں، یہ دہشت گردی سے روک کر امن کا درس دیتی ہیں، ان کے اندر کوئی متنازعہ بات نہیں، پوری دنیا کے تعلیمی اداروں کے اندر دین کا کام کر رہے ہیں حتیٰ کہ روس جیسے ملک میں بھی ان پر پابندی نہیں لیکن یہاں ان کو روک کر ناچ گانے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ تبلیغی جماعت نے اپنے قیام سے لے کر آج تک اتحادِ وحدت کا پیغام دیا ہے، یہ پوری دنیا کے مسلمانوں کا مشاہدہ ہے کہ رائے ونڈ اجتماع کی و جہ سے لاکھوں انسانوں کی زندگی میں خوشگوار انقلاب آیا۔ انہوں نے پابندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر مسلم قوتوں کا انٹرنیشنل منصوبہ ہے جو بہت سال پہلے سے اس غیر اسلامی منصوبے کو عملی جامہ پہنانا چاہتے ہیں ہم ان کو اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔