کراچی(نیوزڈیسک) سندھ حکومت نے 5 فروری کو یوم کشمیر پر صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔سندھ حکومت نے 5 فروری کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے صوبے بھرمیں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن کےمطابق 5 فروری کو تمام سرکاری ، نیم سرکاری دفاتر ، تعلیمی ادارے اور خود مختار کارپوریشنز بند رہیں گی جب کہ کشمیری شہدا کی یاد میں 5 فروری کی صبح 10 بجے ایک منٹ کے لیے خاموشی بھی اختیار کی جائے گی ۔پانچ فروری کو جمعتہ المبارک کا دن ہے اور ہفتہ اور اتوار ویسے ہی سرکاری چھٹی ہوتی ہے اس طرح لگاتار تین چھٹیوں کی آمد پر سرکاری ملازمین نے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں جنہوں نے دور جانا ہے وہ ایک آدھ مزید چھٹی کی درخواست دے کر اپنی تیاریاں کررہے ہیں۔