اسلام آباد (نیوزڈیسک) ملک بھر کے285 مدارس بیرون ملک سے فنڈز لیتے ہیں ان میں پنجاب کے147، سندھ کا 01، کے پی کے کے 12، بلوچستان کے 30 اور گلگت بلتستان کے95 مدارس شامل ہیں، ان مدارس کو سعودی عرب، ایران ،عراق ، یو اے ای، کویت ، قطر اور ترکی سے امداد ملتی ہے، ذرائع کے مطابق نیکٹا نے چاروں صوبوں کے مدارس کی فنڈنگ کی چھان بین کے لئے ایف آئی اے کو خطوط لکھنا شروع کر دیے ہیں اور ایف آئی اے نے متعدد مدارس کے کھاتوں کی چیکنگ اور ان کے بنک اکاوئنٹس کا ڈیٹا حاصل کرنے کا عمل شروع کر رکھا ہے ، ایف آئی اے مدارس کی انتظامیہ سے فنڈز کے آڈٹ کی رپورٹس سمیت ان کے اخراجات کی تفصیلات بھی طلب کر رہی ہے تاکہ اس بات کا پتہ چلایا جا سکے کے غیر ملکی فنڈنگ کن مقاصد کے لئے استعمال کی جا رہی ہے ، ایف آئی اے نیکٹا کو ہر مدرسے کی الگ الگ رپورٹ ارسال کرے گی۔واضح رہے کہ کچھ ایسے مدارس بھی ہیں جنھوں نے بیرون ملک سے فنڈز حاصل کرنے کے لئے وزارت داخلہ سے این او سی لے رکھا ہے۔ذرائع کے مطابق نیشنل ایکشن پلان کے تحت غیر رجسٹرڈ اور دہشت گردی اور انتہا پسندی میں ملوث 182 مدارس کو بند کرایا گیا ہے،بند کرائے گئے مدارس میں پنجاب کے 02،سندھ کے 167 اور کے پی کے کے 13 مدرسے شامل ہیں۔