کراچی(نیوزڈیسک)حروں کے روحانی پیشوا پیر پگارا سے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے ہفتہ کو کنگری ہاؤس میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں پیر پگارا نے کہا حکومت نے امن و امان کی ذمہ داری فورسز کے گلے میں ڈال دی اور کام بھی کرنے نہیں دیا جا رہا۔امن و امان کے لیے رینجرز ،فوج اور سکیورٹی اداروں کو آگے کردیا گیا ہے اور اگر سکیورٹی ادارے لوفر اور بدمعاش کو پکڑتے ہیں تو یہ سندھ والے شورمچاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اب رینجرز نے عزیر بلوچ کو گرفتار کیا ہے وہ کافی انکشافات کرے گا ۔کچھ باتیں ڈاکٹرر عاصم نے بتائی ہیں کچھ باتیں عزیر بلوچ بتائے گا ۔انہوں نے کہا کہ ملک کے ہرادارے میں کرپشن ہے اور ہربچے کی زبان پر اس کا ذکر ہے ۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ کرپشن کے خلاف مہم شروع کررہے ہیں، مختلف مکاتب فکر کے افراد نے کرپشن کے خلاف مہم میں حصہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ پیر پگارا نے امیر جماعت اسلامی کو سندھ میں پیپلز پارٹی کے خلاف گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی اور جماعت اسلامی کی کرپشن کے خلاف مہم میں حمایت کا یقین دلایا۔