اسلام آباد (نیوزڈیسک) آلو ایک ایسی سبزی ہے جو ہر ایک کو ہی پسند ہوتی ہے تاہم اگر آپ اس کا بہت زیادہ استعمال کرتے ہیں تو بری خبر یہ ہے کہ ذیابیطس کا مرض آپ کو دبوچ سکتا ہے۔ یہ انتباہ جاپان میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ اوساکا سینٹر فار کینسر کارڈیووسکولر ڈیزیز پریوینٹیشن کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ آلووں کا بہت زیادہ استعمال ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ہفتے میں سات یا اس سے زائد مرتبہ آلووں کو غذا میں استعمال کرنا ذیابیطس کا خطرہ 33 فیصد تک بڑھا دیتا ہے۔ یہاں تک کہ دو سے چار مرتبہ بھی ان کے استعمال سے یہ خطرہ سات فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق کے مطابق آلووں کے چپس یا فرنچ فرائز ہی ذیابیطس کا خطرہ بڑھانے میں سب سے آگے ہیں۔ محققین کے مطابق ہفتے میں تین بار آلووں کی جگہ چاول، گندم یا مکئی کو متبادل کے طور پر استعمال کرنا ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ 12 فیصد تک کم کردیتا ہے۔ محققین کے مطابق آلووں کو صحت بخش غذانہیں سمجھنا چاہئے بلکہ ان کا محتاط استعمال ہی زیادہ بہتر حکمت عملی ہے۔ ان کے مطابق آلووں میں نشاستہ بہت زیادہ ہوتا ہے جبکہ فائبر، وٹامنز، منرلز اور دیگر اجزا کم ہوتے ہیں جس کے باعث یہ ذیابیطس کا خطرہ بڑھا دیتے ہیں۔ یہ تحقیق آن لائن طبی جریدے ڈائیبیٹس کیئر میں شائع ہوئی۔