دبئی(این این آئی) رینجرز کے اختیارات کاتنازعہ،پیپلزپارٹی کے جوابی اقدام نے سب کو حیران کردیا،سندھ حکومت کے وزراءکے تند و تیز بیانات کے بعد پیپلزپارٹی نے بالآخر ہار مان لی ،پیپلزپارٹی رینجرز کے اختیارات کے معاملے میں فوری طور پر کوئی انتہائی قدم نہیں اٹھائے گی ۔ یہ فیصلہ سابق صدرآصف علی زرداری اور فاروق ایچ نائیک کے درمیان ملاقات میں کیا گیا ۔باخبر ذرائع نے بتایا کہ فاروق ایچ نائیک نے دبئی میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں طے پایا کہ فی الحال سندھ حکومت وفاق کو ایک خط تحریر کرے گی جس میں کہا جائے گا کہ وفاقی حکومت سندھ اسمبلی کی قراداد کا احترام کرے اور رینجرز کے اختیارات اور صوبائی خودمختاری کے معاملے پر حکومت سندھ کے ساتھ تعاون کرے۔ذرائع نے بتایا کہ سابق صدر کو مشورہ دیا گیا ہے کہ رینجرز کے معاملے پر فی الحال سپریم کورٹ سے رجوع نہ کیا جائے۔ ملاقات میں آصف زرداری اور فاروق نائیک نے شہید بے نظیر بھٹو کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور دعا بھی کی۔