اسلام آباد/واشنگٹن(نیوزڈیسک)امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ نیشنل بنک کا نوکروڑ روپے کا مقروض نکلا،سفارتخانے نے وزارت خارجہ سے منظوری لیے بغیرچانسری کی عمارت کی تعمیر کے لیے قرضہ حاصل کیا تھا ،ادھر امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے نے قرضے کے حصول کے لیے وزارت خارجہ سے اجازت نہ لینے کے آڈٹ حکام کی بات کو رد کرتے ہوئے کہاہے کہ وزارت خارجہ سے اجازت لیکر یہ قرضہ حاصل کیا گیا ،نجی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو آڈٹ حکام نے انکشاف کیا کہ امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ نیشنل بنک کا نوکروڑ روپے کا مقروض ہے ،قرضہ ایک عمارت کی تعمیر کے لیے لیاگیا تھا ،آڈٹ حکام کے مطابق قواعد کے تحت سفارتخانے کسی بنک سے قرض نہیں لے سکتے مگر امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ نے چانسری کی عمارت کی تعمیر کے لیے قرضہ لیا ،اور اس حوالے سے سفارتخانے نے وزارت خارجہ یا وزارت خزانہ سے منظوری لینا بھی گوارانہ کی جبکہ آڈٹ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ سفارتخانے نے سود بھی غلط اکاﺅنٹ سے ادا کیا ،آڈٹ حکام نے کہاکہ قرضہ لینے کے لیے سفارتخانے کو وزارت خارجہ سے نہیں بلکہ وزارت خزانہ سے منظوری لینا ضروری ہوتی ہے ،آڈٹ حکام کے مطابق وزارت خارجہ کا معاشی نظام انتہائی کمزور ہے ،ادھر امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل بنک سے قرضہ چانسری کی عمارت کی تعمیر کے لیے تھا اوراس حوالے سے وزارت خارجہ سے باقاعدہ منظوری بھی لی گئی ،منظوری نہ لینے کی آڈٹ حکام کی بات سمجھ سے بالاتر ہے ۔