کوئٹہ (نیوزڈیسک ) بلوچستان میں نئی تاریخ رقم ہوگئی،نیا تنازعہ بھی شروع،جے یو آئی کے مفتی گلاب کا احتجاج،بلوچستان اسمبلی میں سپیکر کی 8 ماہ سے خالی نشست پر مسلم لیگ ن کی راحیلہ درانی منتخب ہو گئیں۔ سپیکر شپ کے لیے دو امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔ منتخب سپیکر راحیلہ درانی نے بلوچستان کی تاریخ میں پہلی خاتون سپیکر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ شیڈول کے مطابق بلوچستان اسمبلی میں سیکرٹری اسمبلی سے کاغذات نامزدگی حاصل کر کے 9 سے 10 بجے تک پریزائیڈنگ آفیسر لیاقت آغا کو کاغزات نامزدگی جمع کرائے جانے تھے جس پر مسلم لیگ ن کی نامزد رکن اسمبلی راحیلہ درانی نے تو مقررہ وقت پر اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تاہم جے یو آئی ف کے اپوزیشن رکن مفتی گلاب نے مقررہ وقت سے آدھے گھنٹے کی تاخیر سے کاغذات نامزدگی جمع کرائی۔ رکن اسمبلی جے یو آئی ف مفتی گلاب نے موقف اختیار کیا کہ بلوچستان اسمبلی کا طلب کردہ اجلاس غیر آئینی ہے۔ ارکان اسمبلی کو آگاہ ہی نہیں کیا گیا اور سپیکر شپ کے انتخاب کے لیے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی گئی ہے تاہم پریزائیڈنگ آفیسر لیاقت آغا نے مقررہ وقت پر کاغذات جمع نہ کرائے جانے پر ان کے کاغذات مسترد کر دیئے اور راحیلہ درانی کو سپیکر بلوچستان منتخب کر لیا۔ مسلم لیگ نون کی راحیلہ درانی نے اپنے سیاسی کیرئیر کا ا?غاز 2002 میں مسلم لیگ ق سے کیا۔ وہ تین مرتبہ خواتین کی مخصوص نسشت پر منتخب ہوئیں اور اب بلوچستان اسمبلی کی 14 ویں سپیکر منتخب ہو کر بلوچستان کی تاریخ میں پہلی خاتون اسمبلی کا اعزاز اپنے نام کرا چکی ہیں۔