لاہور(نیوز ڈیسک) پنجاب اسمبلی کے رکن و ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ لودھراں میں روپے پیسے کی جیت ہوئی ہے۔ تحریک انصاف کی نہیں۔ سیدزعیم حسین قادری نے عمران خان اور تحریک انصاف کے دیگر عہدیداروں کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کا منشور عوام کی خدمت ہے۔لودھراں سمیت ملک بھر کے عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔ عمران خان دھاندلی کا راگ الاپنا بند کر کے خیبرپختونخوا کے عوام کی حالت زار بہتر بنانے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد نیا پاکستان بنانے کے لئے نہیں بلکہ تعمیر و ترقی کے مشن کے خلاف ہے۔ سیدزعیم حسین قادری نے کہا کہ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصاف کو آئینہ دکھا دیا۔ تحریک انصاف کے امیدوار بلدیاتی انتخابات میں بری طرح شکست کھا گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اب نئے پاکستان اور تبدیلی جیسے نعروں سے نوجوان نسل کو بیوقوف نہیں بنا سکتی۔ عوام تبدیلی کے نام نہاد دعویداروں کی اصلیت خوب جانتے ہیں۔