لاہور(نیوزڈیسک) اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے پنجاب حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کر دیئے ابتدائی طور پر انہوں نے جماعت اسلامی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ارکان پنجاب اسمبلی سے رابطہ کیا ۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ایوان کی منطوری کے بغیر ہونے والے منصوبوں کیخلاف جلد اے پی سی کال کی جائیگی جس میں حکومت کیخلاف اعلان شدہ تحریک کا شیڈول جاری کیا جائیگا۔ انکا کہنا تھا کہ لاہور کے ہسپتال میں وینٹی لیٹر فراہم نہ کرنے والی عوام دشمن حکومت نے پہلے30ارب روپے میٹرو بس پر خرچ کر دیئے اور اب اورنج ٹرین پر خرچ کرنے کیلئے162ارب کا قرض لے لیا لیکن ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور صاف پانی کی فراہمی جیسیے بنیادی مسائل کو نذر انداز کر دیا۔ میاں محمودالرشید کا مزید کہنا تھا کہ حکومت عوامی مسائل سے مسلسل غفلت برت رہی ہے، کبھی ان پر40ارب روپے کے ناجائز ٹیکس عائد کر دیئے جاتے ہیں، کبھی گیس مہنگی کر دی جاتی ہے تو کبھی توسیعی منصوبے کے نام پر شہریوں کے گھروں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نام نہاد ترقیاتی کاموں کی آڑ میں عوام پر ظلم برداشت نہیں کرینگے پاکستان تحریک انصاف دیگر جماعتوں سے ملکر حکومت کا قبلہ درست کریگی اور عوام کو حقیقی ریلیف دلائی گی۔ دریں اثناء اپوزیشن لیڈر میاں محمودارشید نے آئی ایس ایف کے نومنتخب صدر گلریز گجر کو مبارکباد دی۔