اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالرز سے تجاوز کر گئے۔اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعظم نواز شریف کو ایک ملاقات میں آگاہ کیا کہ زرمبادلہ کے اتنے ذخائر ایک ریکارڈ ہیں۔اسحاق ڈار نے نواز شریف کو یہ بھی بتایا کہ 21 ارب ڈالر میں سے 16 ارب ڈالر اسٹیٹ بینک کے پاس جبکہ 5 ارب ڈالر نجی بینکوں کے پاس ہیں۔انہوں وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ گزشتہ برس میں اسٹیٹ بینک کا حصہ 3 ارب سے بڑھ کر 16 ارب ہوا۔اس موقع پر وزیر خزانہ کی کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پاکستان دوبارہ معاشی ترقی کی جانب گامزن ہو گیا ہے، اس مثبت پیش رفت کی وجہ سیکیورٹی صورتحال کی بہتری اور سرکاری سطح پر شفافیت ہے۔وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں ہونے والی سرمایہ کاری سے پاکستان معاشی ترقی کے ناقابل واپسی راستے پر گامزن ہے۔