نیویارک (ویب ڈیسک)پاکستان نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا صفایا کیے بغیر پاکستان میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کا مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نائب مندوب نبیل منیر نے افغانستان کی صورتحال پر بحث کے دوران کہا کہ افغانستان میں صرف طاقت کے استعمال سے امن نہیں آسکتا ، بھرپور اور بامعنی مفاہمت کے لیے اگر سنجیدگی سے کوشش کی جائے تو یہ امن کا مقصد حاصل کرنے کا واحد راستہ ہے۔پاکستانی نمائندے نے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات کے لیے پاکستان نے سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا اور یہ کردار دوبارہ ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ پاکستان افغانستان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا لیکن افغانوں کو اپنا گھر خود ٹھیک کرنا ہوگا۔